*زیارت ہونے والی ہے*
مبارک ہو کہ حاصل یہ سعادت ہونے والی ہے
رسول اللہ کے در کی زیارت ہونے والی ہے
بسی ہے جس میں اب بھی سرورِ کونین کی خوشبو
اُسی شہرِ مقدس میں سکونت ہونے والی ہے
بلایا ہے مرے سرکار نے تو یوں نوازیں گے
تمہارے حق میں آقا کی شفاعت ہونے والی ہے
ذرا سوچو کہ وہ پہلی نظر اور گنبدِ خضریٰ
خیال و فکر سے بڑھکر وہ لذت ہونے والی ہے
نبی سے پائیں گے "مَن زارَ قَبرِی" کا حسیں تحفہ
پیام خلد ، روضے کی نَظارَت ہونے والی ہے
خداۓ پاک کے مہمان بن کر گھر سے نکلے ہیں
حرم کے خوان پر سب کی ضیافت ہونے والی ہے
اِدھرلب پرصداہوگی، میں حاضر ہوں، میں حاضر ہوں
اُدھر اللہ کے در سے اِجابت ہونے والی ہے
نظر میں کعبہ اور ہاتھوں میں پیالہ آبِ زمزم کا
کرم کی دھار سے سیراب قسمت ہونے والی ہے
ٹپکتا نور کا پانی جو ہے میزابِ رحمت سے
نہاکر اس سے تازہ دم عقیدت ہونے والی ہے
لباسِ زندگی سے دُور ہوگا مَیل عصیاں کا
کرم کے آب سے پاکیزہ فطرت ہونے والی ہے
نکھر جاے گا باغِ زندگی عرفات کے اندر
وہاں پر عفو بخشش کی بشارت ہونےوالی ہے
مِنیٰ کی سرزمیں اور جگمگاتی شب کے نظّارے
ہر اک غم سے، وہاں دل کی طہارت ہونے والی
بہارِ خلد ہوگی ، حاجیوں کا قافلہ ہوگا
مسلسل اب عنایت پر عنایت ہونے والی ہے
اُٹھیں گے وصل کے پردے، ملیں گے دید کے جلوے
مَیَسّر زندگی کو ایسی طلعت ہونے والی ہے
ہزاروں نیکیاں، لاکھوں جزائیں ایک نیکی پر
مدینے مکے میں ایسی اطاعت ہونے والی ہے
دعا ہم سب کی ہے مولیٰ اِسے مقبول فرمائے
جو یہ حجّ و زیارت کی عبادت ہونے والی ہے
ہمیں بھی یاد رکھنا التجاٶں میں دعاٶں میں
وہاں ساری مرادوں کی سَماعت ہونے والی ہے
گلابوں کی طرح ہر زخم ہستی کِھل کے مہکے گا
دل وجاں کو وہاں پر ایسی راحت ہونے والی ہے
نبی کےعاشقو ! اِن خوش نصیبوں کے قدم چومو
کہ ارضِ طیبہ پر اِن کی اقامت ہونے والی ہے
فریدی یہ خوشی لفظوں میں ڈھالی جا نہیں سکتی
مَسرت کو بھی اُس در سے مَسرت ہونے والی ہے
°°°°
نظارت... دیکھنا ، زیارت
🌹💐🌹💐🌹
از فریدی صدیقی مصباحی، بارہ بنکوی مسقط عمان...
📲0096899633908
💌💌💌💌💌💌💌💌💌💌
_پـیـشـکــش، یوٹوب رضوی چینل لوھردگا_
*https://www.youtube.com/channel/UC8Jb9pWR1Fjc2bUp44_hgaw*
💌💌💌💌💌💌💌💌💌💌
*زائر مدینہ کی روانگی*
🌹❣🌹
طیبہ کوجا رہا ہے ، شیدا مرے نبی کا
سب گنگنا رہےہیں، نغمہ مرے نبی کا
ہر ہر قدم پہ ہوگی، لطف وکرم کی بارش
جنت سے کم نہیں ہے، رستہ مرے نبی کا
وہ جا رہے ہیں، جنکو سرکار نے بلایا
پایا ہے حاجیوں نے، پرچہ مرے نبی کا
نکلےہیں انکے عاشق، معراجِ زندگی پر
ہاتھوں میں ہے بہشتی جھنڈا مرے نبی کا
آواز آرہی ہے " پائیں گے یہ شفاعت "
ہر سمت گونجتا ہے مژدہ مرے نبی کا
یوں جنتی سفــر کا آغـاز ہو رہا ہے
دست کرم ہے اِن پر ، رکّھا مرے نبی کا
دُهل جاتےہیں وہاں پر، جرم و گناہ سارے
سب پر برس رہا ہے جھالا مرے نبی کا
کونین کی نظر کا سرمہ ہے جسکی مٹی
بیحد عظیم ہے وہ خطہ مرے نبی کا
ذروں میں ہےتجلی خورشید سے زیادہ
یوں جگمگا رہا ہے ،طیبہ مرے نبی کا
سب حاجیوں کےلب پر،ذکرِ نبی ہے جاری
ہے محفل حرم میں ، چرچا مرے نبی کا
ہر کوئ چومتا ہے ، جا جا کے حجر اسود
جب سے اُسے ملا ہے ، بوسہ مرے نبی کا
جُهکتیں کہاں جبینیں،اُس بام و در کے آگے
کعبہ اگر نہ ہوتا ،، قبلہ مرے نبی کا
پائے نبی کی خوشبو ، ہے اب بھی ہر گلی میں
کتنا مہک رہا ہے ، مکہ مرے نبی کا
سرکارکی بدولت، یہ برکتیں ہیں ساری
ہے اجتماعِ حج بھی، صدقہ مرے نبی کا
شاہی بھی اُسکے درکی خادم بنی ہوئ ہے
اپنا لیا ہے جسنے ،، اُسوہ مرے نبی کا
دکھ درد سب مٹیں گے، پائے نبی میں جا کر
تسکینِ زندگی ہے ،، تلوا مرے نبی کا
حاصل مجھے بھی ہوگی سب سے بڑی مسرت
جس دن مجھے بلاوا ، آیا مرے نبی کا
عشق وادب میں ڈهل کر،میرا سلام کہنا
جس وقت ہو نظر میں روضہ مرے نبی کا
اب کیجیےفریدی، رخصت اِنہیں یہ کہہ کر
لانا مرے لیے بھی ،، تحفہ مرے نبی کا
🌟🌹🌟
از فریدی صدیقی مصباحی،
No comments:
Post a Comment