اس تحریر پر کوئی فقہ،شریعہ و قانون کے ماہر اپنی تحقیق پیش کردیں تو مہربانی ہوگی۔
لڑکی کی میڈیکل تعلیم؟
ایک صاحب نے مجھے تحریر کیا :
" میں ایک ڈاکٹر ہوں _ میرا پورا گھرانہ دینی رجحان رکھتا ہے _ میں اپنی بیٹی کو ڈاکٹر بنانا چاہتا ہوں ، لیکن سسرال کے لوگ مخالفت کر رہے ہیں _ کیا شرعی اعتبار سے لڑکیوں کو میڈیکل تعلیم دلانے میں کوئی حرج ہے؟
میں نے انہیں یہ مختصر جواب دیا :
* آپ کی سسرال والوں کی مخالفت کی وجہ شاید یہ ہے کہ وہ سمجھتے ہیں کہ لڑکی کو ڈاکٹر بننے کے بعد اسے عورتوں کے ساتھ مردوں کا علاج بھی کرنا پڑے گا _ اگر ایسا ہے تو اس وجہ سے مخالفت درست نہیں _ شرعی طور پر اجازت ہے کہ عورت مردوں کا علاج کرسکتی ہے _ امام بخاری نے اپنی صحیح میں بعض ایسی احادیث درج کی ہیں جن سے عورتوں کے ذریعے مردوں کا علاج ثابت ہے _ انھوں نے ان احادیث پر یہ عناوین (ترجمۃ الباب) قائم کیے ہیں :
باب ھل یداوي الرجل المرأة أو المرأة الرجل
(اس چیز کا بیان کہ کیا مرد عورت کا علاج کرسکتا ہے؟ یا عورت مرد کا علاج کرسکتی ہے؟)
باب المرأة ترقى الرجل
(اس چیز کا بیان کہ عورت مرد کا علاج کرسکتی ہے)
* یہ کیسا دینی گھرانہ ہے جو لڑکی کی میڈیکل تعلیم میں رکاوٹ بن رہا ہے؟
* عجیب بات ہے کہ مسلمان گھرانے اپنی عورتوں کا علاج مردوں سے کرانا تو گوارا کرتے ہیں ، لیکن ایسی خواتین ڈاکٹرس تیار نہیں کرتے جو ان کی عورتوں کا علاج کر سکیں _(منقول )
No comments:
Post a Comment