Saturday, August 3, 2019

کہاں گم ہو چترویدیوں؟

کہاں ہیں ؟ذرا ڈھونڈو تو سہی!

اپنے ناموں کو جلسوں کے اشتہارات میں خوبصورت دیکھ کر خوش و خرم
اور بے جان کاغذ پر اپنے نام کو دیکھ کر خود کو زندہ تصور کرنے والوں کے نام۔۔۔۔۔

رہبر قوم و ملت آپ کہاں ہیں؟  جلسوں اور پروگراموں کے توسط آپ کا تعارف نامہ مجھے موصول ہوا کہ آپ کی رہبری و راہ نمائی کافی نمایاں اور کارگر ہے۔  جلسے اور پروگرامس کے پوسٹر میں  آپ کے اسم شریف کا آنا ہی کامیابی کی صد فی صد  ضمانت ہے اور شرکت و تشریف آوری سے  جلسوں کی کامیابی و بلندی اوج ثریا سے فزوں تر ہوجاتی ہے۔

ملت کے ہمدرد دو! کہاں گئی تمہاری ہمدردی؟ قوم آج درد سے کراہ رہی ہے کیا آپ اس درد کا احساس نہیں ہوتا؟
کہاں ہیں وہ شعلہ بار خطباء جن کے مونہوں سے آگ برستی تھی! کیا اب مونہوں میں کشمیری برفیں جم گئیں ہیں ؟

کہاں ہیں برق بار مقررین !جن کی زبانیں بجلی سے زیادہ تیز چلتی تھی! کیا ان زبوں کو کرنٹ لگ گئی؟

کدھر ہیں جامع معقولات منقولات؟ آپ کے عقلی اور دانشمندانہ اقوال اور نطق خاص کو کیا ہو گیا ہے؟

کہاں گم ہیں چترویدیوں؟  عقائد و نظریات کو دیگر مذاہب کی روشنی میں بیان کرنے والے !یہاں اپنا مذہب ٹارگٹ پر ہے!
کیوں امراض کے شکار تو نہیں ہوگئے؟

کہاں مفکرین جماعت؟ اپنی فکر و نظر اور قوت استخراج سے ملی مسائل کے راہ و سبیل تلاش کرنے والے، کیا بتائیں گے آپ کو کہاں تلاش کرنا ہے؟

سیف رضا اور خنجر خوں خوار کے گروہ کہاں ہیں؟ اپنوں کے خلاف خنجر کی دھار چمکانے والے!
کیا اب خنجر میں دندانے پڑ گئے یا اسے دفنا دیئے؟

  رضا کے شیرو  کس جنگل کی سیر میں مست ہو؟  آپ کی گرج دار اور خوف ناک آواز جو سامعین کو ڈرا دینے کے لیے کافی تھی!
کیا آواز میں ضعف و نقاہت آگئی یا خود شیر ایمانی و ایقانی طور پر بوڑھا ہوگیا ہے؟

اسٹیج پر نسوانی آوازوں  اور رسپیوں والی حرکات و اداوں سے  قوم و ملت کو لوٹنے والے بالغ و نابالغ  شعراء جو نعت رسول کے سہارے مذہب و ملت کو یتیم اور بےچارہ کردینے والے کدھر ہو؟

الفاظ  اور لچھے دار جملوں کے ذریعے سامعین اور حاضرین کو سولی لٹکانے والے نقیبو!
کس غار اور کھائی میں آپ کو ڈھونڈوں!

آپ کی تلاش ہے کہ آپ آغاز بزم کریں، آپ اجلاس کے مؤذن ہیں یہاں لوگ بیدار ہیں   آپ بانگ تو دیں امید ہے عادت کام آئے گی ۔۔۔۔

قوم و ملت بے سہارا ہیں، غریب اور ناتواں ہیں آپ کی شدید ضرورت ہے انہیں، سنا ہے آپ کی پھر کبھی دوبارہ ان سے ملاقات نہ ہو سکی!
دشمنان اسلام ۔اسلام اور مسلمانوں کے خلاف نت نئی چال اور سازشیں رچ رہے ہیں !
اور قوم و ملت آپ کے انتظار میں !

افروز قادری مصباحی
جامعہ برکاتیہ مصباح العلوم
بنگلور کرناٹکا

No comments:

Post a Comment

Featured Post

*زحمت، رحمت اور فطرت* حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ تعالی جس کی بھلائی چاہتا ہے اس...